ممبئی،31؍اکتوبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) بے موسم بارش کی وجہ سے ریاست بھر میں کسانو ں کا زبردست نقصان ہوا ہے۔ ان نقصانات کا فوری طور پر اندراج کرتے ہوئے کسانوں کو مدد فراہم کی جائے۔ اس مطالبے کے ساتھ کانگریس کا اعلیٰ سطحی وفد ریاست کے گورنر سے ملاقات کرے گا۔ یہ اطلاع مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بالاصاحب تھورات نے دی ہے۔ وہ تلک بھون میں کانگریس کے سینئر لیڈران کی میٹنگ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کر رہے تھے۔
اس میٹنگ میں انتخابات کے نتائج سمیت بے موسم بارش کی وجہ سے کسانوں کو ہوئے نقصانات پر بھی غور کیا گیا۔ ریاست میں ہنوز جاری بارش کی وجہ سے تیاری کے قریب آچکی خریف کی فصل مکمل طور پر تباہ ہورہی ہے۔ کپاس، سویابین، پیاز وانگور سمیت باغات کا بھی زبردست نقصان ہواہے۔ کوکن میں چاول کی فصل تباہ ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا، باغات سمیت مویشیوں کا بھی زبردست نقصان ہوا ہے۔ گزشتہ سال خشک سالی کے شکار ہوئے کسان سنبھلنے سے قبل ہی بے موسم بارش کا سامنا کررہے ہیں۔ اس کی وجہ سے حکومت ان نقصانات کا فوری طور پر اندراج کرتے ہوئے کسانوں کو معاشی مدد فراہم کرے۔ اس مطالبے کے ساتھ ریاستی صدر بالا صاحب تھورات کی قیادت میں کانگریس پارٹی کا ایک اعلیٰ سطحی وفد ریاستی گورنرسے ملاقات کرے گا۔